Wednesday, February 26, 2020

پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق

۔پاکستان میں کرونا وائرس کے دو مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے
پاکستان کے وزیر مملکت برائے صحت ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے دو مریضوں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے
بدھ کی شب کوئٹہ میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس اے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے صحت نے کہا کہ وہ تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے دو مریض ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک مریض کراچی اور دوسرا وفاقی علاقے میں ہے۔
انھوں نے بتایا کہ دونوں مریض گذشتہ 14 دنوں میں ایران کا سفر کر چکے ہیں۔ظفر مرزا کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر کوئی شخص حال ہی میں چین یا ایران کا سفر کر کے آیا ہے تو وہ کسی ڈاکٹر اور محکمۂ صحت کی ہیلپ لائن سے ضرور رجوع کرے۔
پاکستان انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ کورونا وائرس کا ایک مریض جس کا تعلق سکردو سے ہے، اس کے نتائج مثبت ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اس مریض نے ایک ماہ پہلے ایران کا سفر کیا تھا۔ادھر بلوچستان کے وزیر تعلیم نے صوبے بھر میں سرکاری، نجی تعلیمی اداروں اور دینی مدارس کو 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
سیکریٹری تعلیم کی جانب سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق میٹرک کے جاری امتحانات کو بھی ملتوی کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق میٹرک کے بقیہ پرچوں کے انعقاد کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔
اس سے قبل صوبہ سندھ کی وزارت صحت کے ترجمان میران یوسف نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مریض کی کیس ہسٹری سے معلوم ہوا ہے کہ انھوں نے ایران کا سفر کیا تھا جہاں سے انھیں یہ وائرس منتقل ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایران سے فضائی سفر کر کے پاکستان واپس پہنچے تھے۔
متاثرہ نوجوان اور ان کے خاندان کو آغا خان ہسپتال میں قرنطینہ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے ہمراہ جن مسافروں نے بھی سفر کیا محکمہ صحت کے حکام ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنے ہوائی اڈوں اور سرحدی راستوں پر سکریننگ کا عمل مزید سخت کر دیا ہے۔

No comments:

Post a Comment